پاک فضائیہ نے بھارتی حملے کا جانثاری سے مقابلہ کیا: ائیروائس مارشل

پاک فضائیہ نے بھارتی حملے کا جانثاری سے مقابلہ کیا: ائیروائس مارشل
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاک فضائیہ کے ایئر وائس مارشل زعیم افضل نے کہا ہے کہ جب بھارت نے حملہ کیا تو پاک فضائیہ نے جانثاری سے مقابلہ کیا اور راشد منہاس نے ملک کے وقار اور عزت کی خاطر جان قربان کی۔ 
یوم پاک فضائیہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل زعیم افضل نے کہا کہ راشد منہاس نے جرات و بہادری سے ملک کے وقار اور عزت کی خاطر جان کی قربانی دی، یہ قربانی ناصرف ہمارے لئے بلکہ آنے والی نسلوں کیلئے بھی مثال ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے جس طرح 27 فروری 2019ءکو بھارت کو منہ توڑ جواب دیا تھا، بالکل اسی طرح کسی بھی مشکل وقت میں بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ 
واضح رہے کہ ستمبر 1965ءکی جنگ میں بھارتی جارحیت کے خلاف ملکی فضائی حدود کا انتہائی بہادری اور مہارت کے ساتھ دفاع کرنے والوں کی یاد میں پاک فضائیہ کا دن آج قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
1965ءکی جنگ میں بہادر ہوا بازوں نے محدود وسائل کے باوجود ناصرف بھارتی فضائی جارحیت کو ناکام بنایا بلکہ بھارت کو اپنی بے مثال شجاعت کے ذریعے عبرتناک شکست سے دوچار کر کے تاریخ رقم کی۔ 
پاک فضائیہ کے ممتاز پائلٹ محمد محمود عالم جنہیں ایم ایم عالم کے نام سے جانا جاتا ہے، نے ایک منٹ سے کم وقت میں بھارتی فضائیہ کے پانچ MK 56 Hawker Hunter لڑاکا طیارے مار گرائے تھے۔