حکومت نے کورونا کے انجیکشن کی قیمت میں کمی کر دی

حکومت نے کورونا کے انجیکشن کی قیمت میں کمی کر دی
کیپشن: حکومت نے کورونا کے انجیکشن کی قیمت میں کمی کر دی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس کے علاج میں استعمال ہونے والے 'ریمڈیسیور' انجیکشن کی قیمت میں 1720 روپے کمم کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ریمڈیسیور انجیکشن کی قیمت 5 ہزار 680 روپے سے کم کر کے 3 ہزار 960 روپے مقرر کرنےکی منظوری دی گئی۔

خیال رہے کہ امریکی فارما سیوٹیکل فرم کی تیار کردہ  ریمڈیسیور کو ایبولا وائرس کے لیے تیار کیا گیا تھا لیکن کورونا ویکسین کی تیاری سے قبل کورونا سے متاثرہ افراد میں بھی اس کے استعمال سے اچھے نتائج سامنے آئے جس کے بعد اسے ہنگامی علاج کے لیے منظور کیا گیا۔

امریکا سمیت یورپی ممالک کی جانب سے منظوری کے بعد پاکستان میں بھی اس دوا کو کورونا سے متاثرہ مریضوں کے ہنگامی علاج کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4 ہزار 114 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 364 کیسز مثبت آئے جب کہ حیدرآباد میں 24 گھنٹوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.70 فیصد ریکارڈ ہوئی۔

ترجمان نے بتایا کہ سندھ بھر میں مجموعی طورپر کورونا مثبت آنے کی شرح 6.11 فیصد ریکارڈ ہوئی اور صوبے میں مجموعی طور پر 35 افراد وائرس سے انتقال کرگئے جس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 7030 ہوگئی۔

ترجمان کے مطابق سندھ بھر میں اب تک کورونا کیسز کی کل 4 لاکھ 37ہزار 700 سے زائد ہے۔