وزیراعظم کا توشہ خانہ کے تحائف کی عوامی نمائش کا فیصلہ

وزیراعظم کا توشہ خانہ کے تحائف کی عوامی نمائش کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم کو ملنے والے غیر ملکی تحائف اب عوامی نمائش کیلئے وزیراعظم ہاؤس میں رکھے جائیں گے اور اس مقصد کیلئے وزیراعظم ہاؤس میں جگہ بھی مختص کر دی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کو ملنے والے غیر ملکی تحائف اب وزیراعظم ہاؤس میں مستقل طور پر رکھے جائیں گے جنہیں عوام بھی دیکھ سکیں گے۔ اس ضمن میں جاری کئے گئے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ تحائف عوام کو دکھانے کا اہتمام اس لئے کیا گیا ہے تاکہ وہ دوست ممالک کی پاکستان سے محبت سے آگاہ ہوں۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تحائف رکھنے کیلئے وزیراعظم ہاؤس میں جگہ مختص کر دی گئی ہے جنہیں عوام دیکھ سکیں گے جبکہ وزیراعظم نے بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف سرکاری خزانے میں جمع کرا دئیے ہیں جن کی مالیت 27 کروڑ روپے ہے۔
وزیراعظم کو یہ قیمتی تحائف خلیجی ممالک کے دوروں کے دوران ملے تھے جن میں ہیرے جڑی دو قیمتی گھڑیاں بھی شامل ہیں، ان میں سے ایک گھڑی کی مالیت 10 کروڑ اور دوسری کی قیمت 17 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
خلیجی ریاستوں کی جانب سے شہباز شریف کو عمران خان سے زیادہ مہنگی گھڑیاں دی گئی ہیں، انہوں نے قیمتی قلم، انگوٹھی، کف لنک (بٹن) اور خوشبو کے تمام تحائف بھی توشہ خانے میں جمع کرا دئیے ہیں۔ 
شہباز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب کے طور پر بھی 10 سال کے دوران ملنے والے تمام غیرملکی تحائف توشہ خانے میں جمع کرواتے رہے ہیں۔

مصنف کے بارے میں