فوادعالم کو دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان

فوادعالم کو دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان

لاہور : پی ایس ایل اور ویسٹ انڈیزکے خلاف ہوم ٹی ٹونٹی سیریز کے اختتام کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کا اگلا امتحان آئرلینڈ وانگلینڈکے ٹورزمیں شیڈول تین ٹیسٹ میچز ہیںجس کیلئے کمبی نیشن اور ممکنہ کھلاڑیوں پر غور جاری ہے،ان ٹیسٹ میچز کیلئے قومی ٹیم کے نظراندازکئے جانےوالے مڈل آرڈر بیٹسمین فوادعالم بھی اس بار موقع پانے کیلئے پرامید ہونگے جنہیں کپتان سرفرازاحمد نے خوشخبری سنادی ہے۔


میڈیارپورٹ کے مطابق جب کپتان سے فوادعالم کی سلیکشن کے بارے میں سوال کیا گیا تو انکا کہناتھا کہ” فوادعالم کیمپ میں طلب کئے جانےوالے کھلاڑیوں میں شامل ہوں گے جس کا مطلب یہی ہوا کہ ان کی سلیکشن پر غور ہورہاہے،کیمپ میں ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس کے ساتھ ٹیم کی ضرورت کے مطابق حتمی سکواڈ کا انتخاب ہوگا “۔

یاد رہے کہ2009 کے دورہ سری لنکا میں یونس خان کی قیادت میں 168رنزکی شاندار اننگزکے ساتھ ٹیسٹ ڈیبیوکرنے والے فوادعالم اس یادگار اننگز کے بعد مزید صرف دو ہی ٹیسٹ میچ کھیل سکے ہیں۔نومبر2009ءمیں نیوزی لینڈکے خلاف ڈیونیڈن ٹیسٹ میں29اور5رنزکی اننگزکے بعد سے ان کے ٹیسٹ کیریئرکو بریک لگا دیا گیا ہے۔فوادعالم اب تک 145فرسٹ کلاس میچوں میں 27سنچریوں اور 57نصف سنچریوں کی بدولت55.37کی عمدہ اوسط سے 10742 رنزبناچکے ہیں ، ایک روزہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل میچوں میں بھی 8سنچریاں ان کے نام ہیں۔