اسد امانت علی خان کو بچھڑے 12 برس بیت گئے

اسد امانت علی خان کو بچھڑے 12 برس بیت گئے
کیپشن: اسد امانت علی خان نے اپنی گائیگی کا آغاز 10 سال کی عمر سے کیا تھا۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پٹیالہ گھرانے سے تعلق رکھنے والے کلاسیکل گائیک اسد امانت علی خان کو مداحوں سے بچھڑے بارہ برس بیت گئے۔اسد امانت علی خان 25 ستمبر 1955 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ اسد امانت علی خان، استاد امانت علی خان کے صاحبزادے، استاد فتح علی، استاد حامد علی خان کے بھتیجے اور شفقت امانت علی خان کے بڑے بھائی تھے۔

انہیں موسیقی کا فن اپنے والد امانت علی خان سے ورثے میں ملا لیکن انھوں نے اپنی شناخت علیحدہ سے منوائی۔

اسد امانت علی خان نے اپنی گائیگی کا آغاز 10 سال کی عمر سے کیا اور ایف اے کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد موسیقی کو ہی پیشہ بنایا۔

اسد امانت علی خان نے کلاسیکل موسیقی سے تعلق رکھنے والے خاندان میں چار چاند لگائے۔ اپنے والد استاد امانت علی کی وفات کے بعد انشا جی کی لکھی اور استاد امانت علی کی گائی غزل 'انشا جی اٹھو اب کوچ کرو گانے کے بعد اسد علی خان کو اولین شناخت اور مقبولیت حاصل ہوئی تاہم انہیں اصل شہرت 'عمراں لنگھیاں پباں بھار سے ملی اور اس کے بعد وہ انتقال تک گائیکی کے ایک درخشاں ستارے رہے۔ اپنے چچا حامد علی خان کے ساتھ ان کی جوڑی کو بھی بہت پسند کیا گیا جنہوں نے پاکستان کے علاوہ بھارتی فلموں میں بھی موسیقی کا جادو جگایا۔

انہیں صدارتی ایوارڈ پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا تاہم ایوارڈ کے فوری بعد ہی ان کی طبیعت ناساز ہو گئی اور وہ علاج کیلئے لندن چلے گئے۔

آٹھ اپریل 2007 کو 52 برس کی عمر میں ان کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا اور وہ جو فن موسیقی کا ایک درخشندہ ستارہ تھا عین عالم شباب میں غروب ہو گیا ۔