شہباز شریف اور حمزہ کا کل احتساب عدالت میں پیش ہونیکا فیصلہ

شہباز شریف اور حمزہ کا کل احتساب عدالت میں پیش ہونیکا فیصلہ
کیپشن: image by facebook

لاہور : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے کل مورخہ 9 اپریل کو احتساب عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے جج آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس کی کل سماعت کریں گے۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی کل احتساب عدالت میں پیش کے موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کی ہدایات کی گئی ہیں۔ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کارکنوں کو سول سیکرٹریٹ تک محدود کیا جائے گا۔

ادھر قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثے اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو کل صبح 11 بجے پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے 3 دسمبر 2018ء کو بھجوائے گئے سوالنامے کے جوابات بھی لانے کا حکم دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے نصرت شہباز کے اکاؤنٹ میں منتقل ہونے والی رقم سے متعلق بھی پوچھ گچھ ہو گی۔ نصرت شہباز کے اکاؤنٹ میں منتقل ہونیوالے 11 کروڑ 22 لاکھ 91 ہزار 307 روپے کے ذرائع بھی پوچھے گئے ہیں۔

ادھر نیب نے حمزہ شہباز کو 10 اپریل کی صبح 11 بجے طلب کیا ہے۔ ان سے کہا گیا ہے کہ دیے گئے سوالنامے سے متعلق جوابات جمع کروائیں۔ اس کے علاوہ نیب نے شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں 9 اپریل کو طلب کر رکھا ہے۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو حمزہ شہباز کی گرفتاری سے 17 اپریل تک روک دیا ہے۔ عدالت نے ایک کروڑ روپے مچلکوں کے عوض حمزہ شہباز کی قبل از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو نوٹسز جاری کے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد اور جسٹس مرزا وقاص رؤف پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے حمزہ شہباز کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حمزہ شہباز کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست 17 اپریل تک منظور کرتے ہوئے نیب سے تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔