بالی ووڈ اداکار ثاقب خان نے دین اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کر دیا

Bollywood actor Saqib Khan has announced that he is leaving the showbiz industry for the sake of Islam
کیپشن:   فائل فوٹو

ممبئی: بالی ووڈ کے نوجوان اداکار ثاقب خان نے دین اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا عہد کرتے ہوئے شوبز کی چکا چوند زندگی کو مکمل طور پر چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس بات کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا۔ ثاقب خان کا کہنا تھا کہ وہ شوبز کو چھوڑنے کا اصولی فیصلہ کر رہے ہیں، اب وہ اپنی زندگی کا مقصد دین اسلام پر عمل کرنا ہوگا۔ وہ اب اسلام کا سیدھا راستہ ہی اختیار کریں گے۔

اس سلسلے میں بالی ووڈ اداکار نے سوشل میڈیا کی مشہور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کا سہارا لیا ہے تاکہ وہ مداحوں کو اپنی زندگی کے سب سے اہم فیصلے سے آگاہ کر سکیں۔

اداکار ثاقب خان نے انسٹاگرام پر  لکھی گئی اپنی تحریر میں کہا ہے کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ میں اداکاری کا ماڈلنگ کے شعبے سے وابستہ کسی کام سے منسلک نہیں رہوں گا۔ میں اعلان کرتا ہوں کہ میں نے شوبز کو چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اللہ تعالیٰ نے ضرور میرے لئے کچھ بہتر سوچا ہوگا۔ میں اپنی زندگی کی نئی شروعات کرنے جا رہا ہوں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل انڈین اداکارہ ثناء خان اور زائرہ وسیم نے بھی دین اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے بالی ووڈ کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ دونوں خواتین ایکٹرس کے اس اقدام کو معاشرے کے تنگ نظر طبقے نے بڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

تاہم زائرہ اور ثناء نے اپنے فیصلوں کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ اصل زندگی اللہ تعالیٰ کے احکام کے مطابق اسے گزارنا ہے۔