امریکہ نے ایران سے پابندیوں کو ختم کرنے کا اشارہ دے دیا

امریکہ نے ایران سے پابندیوں کو ختم کرنے کا اشارہ دے دیا ہے

واشنگٹن : امریکہ نے  ایران سے   پابندیوں کو ختم کرنے کا اشارہ دے دیا  ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا  اور ایران جوہری معاہدے  پر واپسی کے لیے ضروری اقدامات پر تیار ہیں۔  

امریکا اور ایران   کی جانب سے جوہری معاہدے  میں واپسی کے  لیے  ویانا میں باقاعدہ مذاکرات کا آغازہو گیا ہے ۔ اس سے قبل 2018 میں  سابق امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے  ایران پر جوہری معاہدے  سے دستبرداری کے ساتھ ساتھ معاشی پابندیاں بھی عائد  کر دی گئی تھی ۔

گزشتہ دنوں  آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہونے والے امریکا اور ایران کے درمیان عالمی جوہری معاہدے پر بلواسطہ مذاکرات کا پہلا دور کامیابی سے مکمل ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ویانا میں یورپی یونین کے توسط سے امریکا اور ایران کے درمیان عالمی جوہری معاہدے میں واپسی سے متعلق ہونے والے بالواسطہ مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا جس میں جوہری معاہدے کے دیگر فریقین نے بھی شرکت کی۔

امریکا اور ایران سمیت یورپی یونین اور جوہری معاہدے کے دیگر فریقین نے مذاکرات کے پہلے دور کو تعمیری اور مثبت قرار دیا ہے جب کہ مذاکرات میں شامل تمام فریقین نے ایران پر عائد پابندیوں اور امریکا کی جوہری معاہدے میں واپسی کے لیے ایک ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔