رمضان المبارک کے دوران سرکاری دفاتر کے اوقات کار جاری

رمضان المبارک کے دوران سرکاری دفاتر کے اوقات کار جاری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رمضان المبارک کے دوران سرکاری دفاتر کے اوقات کار جاری کر دئیے ہیں جس کے مطابق ماہ مبارک کے دوران جمعہ کے روز تمام دفاتر صبح 10 سے دوپہر ایک بجے تک کھلیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری ہونے والے آفس میمورنڈم کے مطابق ہفتے میں 5 اور 6 روز کھلنے والے دفاتر کے الگ الگ اوقات کار جاری کئے گئے ہیں۔ 
ہفتہ اور اتوار دو روز تعطیل کرنے والے دفاتر صبح 10 سے شام 4 بجے تک کھلیں گے جبکہ ہفتے میں صرف اتوار کو تعطیل کرنے والے دفاتر صبح 10 سے سہ پہر 3 بجے تک کھلیں گے تاہم جمعہ کے روز تمام دفاتر صبح 10 سے دوپہر ایک بجے تک کھلے رہیں گے۔

واضح رہے کہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے 13 اپریل کو اجلاس طلب کیا ہے جبکہ زونل اور ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کا اجلاس اپنے اپنے ہیڈ کوارٹرز میں ہوں گے، اس کے علاوہ زونل رویت ہلال کمیٹی اسلام آباد کا اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہو گا۔ 
رویت ہلال کمیٹی نے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے تکنیکی معاونت بھی طلب کر رکھی ہے اور مفتی پوپلزئی کو اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دے رکھی ہے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے چاند سے متعلق کوئی بھی فیصلہ شرعی اصولوں اور شہادتوں کی بنیاد پرکیا جائے گا۔