عمان میں رات کا کرفیو ختم، رمضان کے آغاز تک کاروباری سرگرمیاں شام کو بند کرنے کی پابندی برقرار

عمان میں رات کا کرفیو ختم، رمضان کے آغاز تک کاروباری سرگرمیاں شام کو بند کرنے کی پابندی برقرار
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

مسقط: عمان میں جمعرات کو شہریوں اور گاڑیوں کیلئے رات کا کرفیو ختم کر دیا گیا ہے لیکن رمضان المبارک کے شروع ہونے تک کاروباری سرگرمیاں شام کو بند کرنے کی پابندی برقرار ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بازاروں اور دکانوں کیلئے شام آٹھ بجے سے صبح پانچ بجے تک کاروباری سرگرمیاں معطل رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے۔ سرکاری میڈیا عمان نیوز ایجنسی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کاروباری سرگرمیاں رمضان کی پہلی صبح تک شام آٹھ بجے سے صبح پانچ بجے تک معطل رہیں گی۔
عمانی حکام نے اس سے قبل کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے تھے جن میں مساجد میں باجماعت تروایح اور ہر طرح کے اجتماعات پر پابندی شامل ہے جبکہ رمضان المبارک کے دوران بھی تمام معاشرتی اور ثقافتی سرگرمیاں، کھیل اور دیگر سرگرمیاں جو گروپ میں ہوتی ہیں، پر بھی پابندی رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق عمان میں داخلہ بھی عمانی شہریوں اور شہریت رکھنے والے تک محدود رکھا گیا ہے جبکہ رمضان المبارک کے دوران سمندر پار سفر پر پابندی کے گریز کرنے کا کہا گیا ہے تاہم ضرورت کے تحت سفر کی اجازت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سلطنت میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 203 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ایک رات میں سات ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار 685 ہو چکی ہے اور مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 1,735 تک پہنچ گئی ہے۔