بلوچستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں 4 گنا اضافہ

بلوچستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں 4 گنا اضافہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کوئٹہ: بلوچستان میں رواں مہینے کورونا وائرس کے کیسز میں 4 گنا اضافہ ہو گیا ہے جس پر صوبائی وزیر داخلہ نے صوبے کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موذی وباءسے بچاؤ کیلئے ماسک پہننے سمیت دیگر ایس او پیز پر عمل کریں۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ بلوچستان میرضیااللہ لانگو نے کوروناوائرس سے بچاؤ کیلئے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر خطرناک صورتحال اختیار کررہی ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صوبے میں گزشتہ ماہ کی نسبت رواں ماہ کورونا کیسز میں 4 گنااضافہ ہوا۔ 
میر ضیاءلانگو کا کہنا تھا کہ محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے صوبے میں دفعہ 144نافذ کی گئی ہے اور ہفتے میں 2 روز بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی ہے ، اور اگر کسی علاقے میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا تو وہاں سمارٹ لاک ڈاؤن بھی لگایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں کورونا وائرس کیخلاف وضع کردہ ایس او پیز پر بھرپور عملدرآمد کرایا جائے گا لیکن اگر عوام نے حکومت کیساتھ تعان نہ کیا تو پھر سخت فیصلے بھی کئے جا سکتے ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے ماسک، حفاظتی دوری سمیت ایس اوپیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔