دس اپریل کی پیشی پر جہانگیر ترین کا بھر پور پاور شو کرنے کا فیصلہ

دس اپریل کی پیشی پر جہانگیر ترین کا بھر پور پاور شو کرنے کا فیصلہ
کیپشن:   دس اپریل کی پیشی پر جہانگیر ترین کا بھر پور پاور شو کرنے کا فیصلہ سورس:   فائل فوٹو

لاہور: تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے دس اپریل کو بیکنگ کورٹ میں پیشی کے موقع پر ایک بار پھر بھرپور انداز میں ہم خیال اراکین کے ہمراہ آنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 

نجی ٹی وی کے مطابق جہانگیر ترین نے حکمت عملی طے کرنے کے لئے جمعہ کے روز اپنی رہائشگا ہ پر پارٹی کے ہم خیال رہنماؤں کو عشائیہ پر مدعو کر لیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین 10 اپریل کو دوبارہ بیکنگ کورٹ میں پیش ہوں گے اور وہ پارٹی کے ہم خیال ارکان اسمبلی اور رہنماؤں کے ساتھ جائیں گے۔

جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر منعقد عشائیے میں ارکان اسمبلی سمیت ہم خیال ٹکٹ ہولڈرز کو بھی مدعو کیا گیا ہے جس میں وہ اپنے سیاسی ساتھیوں کے ساتھ آئندہ قانونی لائحہ عمل پر مشاورت کریں گے اور ہم خیال رہنماؤں کو اعتماد میں بھی لیں گے۔

خیال رہے کہ سات اپریل کو عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا تھا کہ دوست تھے تو اب دشمنی کی طرف کیوں دھکیلا جا رہا ہے۔ انتقامی کارروائی کیوں کی جا رہی ہے جبکہ وفاداری کا ایک سال سے امتحان لیا جا رہا ہے۔

شکوے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ میرے خلاف ایک نہیں 3 ایف آئی آرز درج ہیں لیکن ایک سال سے چپ ہوں اور اب ظلم بڑھتا جا رہا ہے۔ ملک کی 80 شوگر ملز میں سے انہیں صرف جہانگیر ترین نظر آیا جبکہ میں پوچھتا ہوں آخر یہ انتقامی کارروائی کیوں ہو رہی اس کی وجہ کیا ہے اور کیا میری وفاداری کا امتحان لیا جا رہا ہے۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں کیونکہ میرے اور میرے بیٹے کے اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے۔