قومی اسمبلی اجلاس کا 6 نکاتی ایجنڈا جاری

قومی اسمبلی اجلاس کا 6 نکاتی ایجنڈا جاری

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح ساڑھے 10 بجے ہو گا جس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کیلئے جاری کئے گئے 6 نکاتی ایجنڈے میں تحریک عدم اعتماد کی قرارداد چوتھے نمبر پر ہے۔ قومی اسمبلی کے ذرائع کے مطابق رواں شیڈول کے مطابق ہی کل قومی اسمبلی کا اجلاس ہو گا اور علیحدہ سے اسمبلی اجلاس طلب نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کے قومی اسمبلی کے اجلاس کی طلبی کے فیصلے کی مصدقہ کاپی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول ہو چکی ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ عدالتی فیصلے کے مطابق اجلاس بلانے کا نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری کر دے گا جس میں عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا باقاعدہ حوالہ دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی جانب سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر دی گئی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے عمران خان کی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس بھی مسترد کر دی اور قومی اسمبلی کو بحال کر دیا۔ 
چیف جسٹس پاکستان عمر عطاءبندیال نے پانچ رکنی لارجر بینچ کا متفقہ فیصلہ سنایا جس میں سپیکر کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہفتہ 9 اپریل صبح 10 بجے بلانے کا حکم بھی دیا گیا جس میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرائی جائے گی اور اس کی کامیابی کی صورت میں نئے وزیراعظم کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔ 

مصنف کے بارے میں