پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ بیرونی طاقتیں نہیں پاکستانی عوام کرینگے: مراد سعید

پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ بیرونی طاقتیں نہیں پاکستانی عوام کرینگے: مراد سعید

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما اور  وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید   نے ملکی موجودہ صورتحال پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مستقبل  کا فیصلہ بیرونی طاقتیں نہیں پاکستانی عوام کرینگے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مراد سعید نے اپنے ٹوئٹ  میں کہا کہ ’پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ بیرونی طاقتیں نہیں پاکستانی عوام ہی کرینگے ۔‘

واضح رہے کہ آج  وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے  اہم اجلاس  میں غیر ملکی دھمکی آمیز مراسلہ پبلک کرنے کی منظوری دئیے جانے کا امکان ہے۔

 گزشتہ روز بنی گالا میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اہم مشاورتی اجلاس میں مراسلے کو پبلک کرنے سے متعلق مشاورت کی گئی تھی۔ وزیراعظم نے آج بھی وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر رکھا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دوپہر دن 2 بجے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہو گا جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کرنے کے علاوہ غیر ملکی دھمکی آمیز خط پر مشاورت بھی کی جائے گی اور اس کے ساتھ ہی آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشاورت ہو گی۔ 
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ سے متعلق بھی اہم مشاورت ہو گی جس کے بعد وزیراعظم پاکستان عمران خان قوم سے خطاب بھی کریں گے۔