تحریک عدم اعتماد ،ووٹنگ روکی یا رکاوٹ ڈالی تو ۔۔۔ن لیگ نے عمران خان کو خبردار کر دیا 

تحریک عدم اعتماد ،ووٹنگ روکی یا رکاوٹ ڈالی تو ۔۔۔ن لیگ نے عمران خان کو خبردار کر دیا 

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب  نے  وزیراعظم عمران خان کو توہین عدالت نہ کرنے سے خبردار کر تے ہوئے  کہا ہے کہ    پورے کا پورا حکومتی ٹولہ ذہنی توازن کھو بیٹھا ہے، عمران صاحب اور وزرا خودکش بمبار بن چکے ہیں، آج قومی اسمبلی میں عدالت کے حکم کے مطابق عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ ہوگی ۔

 اپنے ایک بیان میں ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا   ووٹنگ روکی گئی یا اس میں رکاوٹ ڈالی گئی تو یہ توہین عدالت ہوگی ۔ عدالت عظمی نے واضح فیصلہ دیا ہے، اس پر عمل نہ کیا تو آئین شکن ٹولہ توہین عدالت کا مجرم بھی ہوگا ۔ آئین شکن ٹولہ سرکاری افسران اور عملے کو توہین عدالت پر مجبور نہ کرے ۔ عمران صاحب عزت سے گھر جانے کا آپشن بھی ضائع کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا  عدالتی فیصلے، آئین اور ضابطے کے تحت کوئی اور معاملہ ’آرڈر آف دا ڈے‘ پر نہیں آسکتا ۔ عالمی سازش کا جھوٹا اور مضحکہ خیز  بیانیہ بھی احتساب اور عمران صاحب کے جعلی بیانیوں کی طرح دفن ہوچکا ہے ۔تخریب کاری اور توہینِ عدالت نہ کریں اب آپ کی کوئی فنکاری نہیں چل سکے گی ۔جھوٹ ، فریب اور دھوکہ کی بہت تقاریر سْن لیں اب مزید وقت ضائع نہ کریں۔