تحریک انصاف نے گلالئی کے الزامات کی تحقیقات کرنیوالی کمیٹی کو مسترد کر دیا

تحریک انصاف نے گلالئی کے الزامات کی تحقیقات کرنیوالی کمیٹی کو مسترد کر دیا

اسلام آباد: تحریک انصاف نے عائشہ گلالئی کے الزامات کی تحقیقات کیلئے بنائی جانے والی کمیٹی مکمل طور پر مسترد کر دی۔ شیریں مزاری نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ تحریک انصاف ایسے معاملات کی غیر جانبدار اور قابل اعتماد تحقیقات کی پیشکش پر قائم ہے۔ تاہم حکومتی اراکین کی اکثریت پر مشتمل کمیٹی کو یہ کام کسی طور نہیں سونپا جا سکتا۔ ہمارے سیاسی مخالفین کہ اکثریت پر مشتمل کمیٹی غیر جانبداریت برقرار نہیں رکھ سکتی۔

شیریں مزاری نے خط میں مزید کہا سیاسی مخالفین کو بیک وقت الزام عائد کرنے، تحقیقات کرنے اور فیصلہ صادر کرنے کا اختیار نہیں سونپ سکتے۔ کمیٹی کو سیاسی نشانہ بازی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ برطانوی پارلیمان کی طرز پر غیر جانبدار پارلیمانی کمشنر برائے معیارات مقرر کیا جا سکتا ہے۔ برطانیہ میں کمشنر کا تقرر ایوان کی قرارداد کے ذریعے پانچ برس کیلئے کیا جاتا ہے۔ کمشنر مکمل طور پر آزاد اور غیرجانبدار انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیتا ہے۔

یاد رہے عائشہ گلالئی کے عمران خان سے متعلق الزامات کے بعد سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں سردار ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن سے خصوصی کمیٹی کے قیام کے لئے نام مانگے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں