وفاقی ایجنسیوں کا نواز شریف کو جی ٹی روڈ ریلی کی کلیئرنس دینے سے انکار

وفاقی ایجنسیوں کا نواز شریف کو جی ٹی روڈ ریلی کی کلیئرنس دینے سے انکار

اسلام آباد: نواز شریف جی ٹی روڈ سے ہی ریلی کی شکل میں لاہور جانے کے لئے بضد لیکن وفاقی ایجنسیوں کی جانب سے ریلی کی کلیئرنس نہ مل سکی۔ نواز شریف سے ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے بھی خطرے سے آگاہ کر دیا۔

نیو نیوزنے نوازشریف اور وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات کی اندورانی کہانی کا پتہ لگا لیا ہے۔ احسن اقبال نے سابق وزیراعظم کو بتایا کہ خفیہ ذرائع سے حاصل رپورٹس بالکل بھی حوصلہ افزا نہیں۔ ریلی میں عام لوگ بھی بڑی تعداد میں ہونگے اور شرپسند عناصر کارستانی دکھا سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف جی ٹی روڈ روانگی کا پلان تبدیل کرنے کو تیار نہیں اور انہوں نے جی ٹی روڈ سے ہی ریلی کی صورت میں جانے کی ٹھان لی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اب پروگرام تبدیل کرنا مناسب نہیں کیونکہ کارکن منتظر ہیں اور تیاریاں بھی جاری ہیں۔

اس سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی نواز شریف کو جی ٹی روڈ کے ذریعے لاہور جانے سے منع کر چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف ابھی تمام رسک لینے کو تیار ہیں اور انہوں نے معاملہ لیگی رہنماؤں کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں