نیلم ، جہلم ویلی ، بھمبر اور سدھنوتی میں محکمہ اطلاعات قائم کیے جائیں گے

نیلم ، جہلم ویلی ، بھمبر اور سدھنوتی میں محکمہ اطلاعات قائم کیے جائیں گے

مظفرآباد: حکومت آزاد جموں وکشمیر نے چار اضلاع نیلم ، جہلم ویلی ، بھمبر اور سدھنوتی میں محکمہ اطلاعات (تعلقات عامہ) کے دفاتر کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے رواں مالی سال کے بجٹ میں رقم بھی مختص کر دی ہے ۔ ضلع سدھنوتی 1995، ضلع بھمبر 1996، ضلع نیلم2005اور ضلع جہلم ویلی کا2009میں قیام عمل میں آیا لیکن ان اضلاع میں محکمہ اطلاعات کے دفاتر موجود نہیں تھے ۔ان چاراضلاع میں محکمہ اطلاعات کے دفاتر نہ ہونے کی وجہ سے صحافیوں کو پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔

مسلم لیگ ن کی حکومت نے آزاد کشمیر میں اقتدار سنبھالتے ہی وعدہ کیا تھا کہ وہ محکمہ اطلاعات کو مستحکم کرنے اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کرے گی ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی ہدایت اور وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس کی کاوشوں سے رواں سال محکمہ مالیات نے محکمہ اطلاعات کے چار ضلعی دفاتر کے قیام کے لیے بجٹ مختص کر دیا ہے ۔ ان دفاتر کے قیام سے حکومت کی تین ترجیحات تحریک آزادی کشمیر کو موثر انداز میں اجاگرکرنے ، گڈ گورننس کے قیام اور تعمیر وترقی کو الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔ یادر ہے کہ گزشتہ سال بھی محکمہ اطلاعات میں ڈائریکٹر جنرل ، ڈپٹی ڈائریکٹر پکٹوریل پبلسٹی اور ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ آفس راولاکوٹ کی آسامیاں تخلیق کی گئی تھی اور محکمہ اطلاعات کے مرکزی دفتر کی بہتر بلڈنگ میں منتقلی ، میڈیا ہال کا قیام ، مرکزی میڈیا روم اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا رومز کے قیام اور مانیٹرنگ سسٹم سے محکمہ اطلاعات کے کام کرنے کی استعداد کار میں اضافہ ہوا ہے اور صحافیوں سے رابطہ کار اور تحریک آزادی کشمیر اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے ، حکومت کی موثر پبلسٹی کیلئے بھی معاون ثابت ہوا۔ شعبہ صحافت سے وابستہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان اور محکمہ اطلاعات کے جملہ ملازمین نے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس کا محکمہ اطلاعات کے نئے دفاتر کے قیام پر شکریہ ادا کیا ہے ۔