یمن، حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر میزائل حملے کی ناکام کو شش

یمن، حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر میزائل حملے کی ناکام کو شش

صنعا: یمن میں حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کی طرف بیلسٹک میزائل حملے کی کوشش ناکام ہوگئی ۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ میزائل یمن کے شمالی صوبے حجّہ سے داغا گیا تھا جو بین الااقوامی میڈیا ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی بجائے بحرِ احمر میں جا کر گرا۔دوسری طرف عرب اتحاد کے فضائی دفاعی نظام (پیٹریاٹ) نے حوثی اور معزول صالح کی ملیشیاؤں کی جانب سے یمن کے شہر مارب کی سمت داغا جانے والا بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اس میزائل کو غیر آباد علاقے کے اوپر تباہ کیا گیا اور کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔اس کے علاوہ اتحادی افواج کے بحری جنگی جہازوں نے پیر کی شب الحدیدہ کے مشرق میں باجل شہر کے نواحی علاقے میں باغیوں کے زیرِ قبضہ ایک عسکری کیمپ کو گولہ باری کا نشانہ بنایا۔
دوسری جانب یمنی عوامی مزاحمت کاروں کے ذرائع نے بتایا ہے کہ المصلوب ضلعے کے مغرب میں وقز اور الغرفہ کے علاقوں میں جب کہ المتون ضلعے میں حام اور مزویہ کے علاقوں میں یمنی فوج اور عوامی مزاحمت کاروں کی حوثی اور معزول صالح کی ملیشیاؤں کے ساتھ شدید جھڑپیں چِھڑ گئیں ہیں۔