قطر کشیدگی کے حوالے سے ثالثی کی کوششیں جاری

قطر کشیدگی کے حوالے سے ثالثی کی کوششیں جاری

دبئی : قطر معاملے کو حل کرنے سے متعلق عرب ممالک کے راہنماﺅں میں کوششیں جاری ہیں، ان کوششوں میں امیر کویت کی کوششیں قابل تعریف بیان کی جاتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ایک تحریری ارسال کیا گیا ہے۔ یہ خط کویت کے وزیر خارجہ شیخ صباح خالد الحمد الصباح نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حوالے کیا۔
بعد ازاں کویتی وزیر خارجہ اور ان کے ہمراہ وفد نے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر سے ملاقات کی۔ کویتی نمائندے نے مصر کا دورہ بھی مکمل کر لیا ہے۔ اپنے اس دورے کے دوران انہوں نے قطر کے بحران اور کویت کے ثالثی کے کردار کے حوالے سے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔
ادھر امریکا کے دو نمائندے بھی کویت پہنچ رہے ہیں۔ یہ نمائندے قطر کا بائیکاٹ کرنے والے چاروں ممالک کا دورہ شروع کریں گے۔ امریکی وفد میں اینتھونی زینی اور امریکی وزیر خارجہ کے نائب معاون ٹموتھی لینڈرکنگ شامل ہیں۔ سعودی عرب ، امارات ، بحرین اور مصر کے بعد دونوں شخصیات قطر جائیں گی۔