ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملوں میں ہلاک ہونے والے شخص کی باقیات کی 16 سال بعد شناخت

ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملوں میں ہلاک ہونے والے شخص کی باقیات کی 16 سال بعد شناخت

نیویارک: امریکی شہر نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر 11 ستمبر 2001ء کے دہشت گرد حملوں میں ہلاک ہونے والے ایک شخص کی باقیات کو 16 سال کے بعد شناخت کر لیا گیا۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سٹی میڈیکل ایگزامینر کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک اعلان میں کہا گیا ہے کہ شناخت کیے جانے والے شخص کا نام اس کے خاندان کی درخواست پر ظاہر نہیں کیا جا رہا۔نیویارک کے دہشت گرد حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں سے مارچ 2015 کے بعد یہ پہلی شناخت کا اعلان ہے۔

حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں سے 1641 افراد کو شناخت کیا جا چکا ہے۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ 11 ستمبر کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے ٹاورز سے مسافر طیاروں کے ٹکرانے کے بعد آتش زدگی اور ان کے گرنے سے ہلاک ہونے والوں میں سے 40 فی صد افراد کی شناخت کا ابھی تک تعین نہیں کیا جا سکا۔

ادارے کا کہنا ہے کہ اس سال کے شروع میں ڈی این اے کی زیادہ ترقی یافتہ ٹیکنالوجی کی مدد سے اس تازہ ترین شناخت میں مدد ملی ہے۔ اس سے قبل ڈی این اے ٹیسٹ کے نتائج نہیں نکل سکے تھے۔

واضح رہے کہ11گیارہ ستمبر 2001 کو نیویارک، پینٹاگان اور پنسلوانیا میں مسافر طیاروں کے ذریعے حملوں میں تقریباً 3 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مصنف کے بارے میں