ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کی سیاست کا خاتمہ ہونا چاہئے : مولانا فضل الرحمن

ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کی سیاست کا خاتمہ ہونا چاہئے : مولانا فضل الرحمن

تلہ گنگ : امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کی سیاسی فضاء تعفن زدہ ہوچکی ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کی سیاست کا خاتمہ ہونا چاہئے ۔سیاستدانوں پر مالیاتی اور اخلاقی کرپشن کے الزامات عائد کئے جا رہے ہیں۔ گذشتہ کئی دنوں سے جو ماحول بنایا جا رہا ہے اس سے لگتا ہے کہ معاشرہ اخلاقی گراوٹ کا شکار ہوگیا ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر جے یو آئی پنجاب کے امیر ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن کو دئیے گئے عشائیہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر جے یو آئی (ف) پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات محمد اقبال اعوان،قاری محمد ابراہیم،قاری محمد انس ،اور مفتی ابرار بھی موجود تھے ۔مولانا فضل الرحمان سے انکی رہائشگاہ اسلام آباد میں امیر جے یو آئی پنجاب ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن نے خصوصی ملاقات کی اس ملاقات میں مولانا فضل الرحمن نے ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن کی صحت کی بحالی پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے انہیں عمرہ اور زیارت حرمین شریفین پر مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ امیر پنجاب کی صحت یابی سے پنجاب میں جماعتی کام میں تیزی اور بہتری آئیگی ، یہ ملاقات دو سے تین گھنٹہ جاری رہی ۔

مولانا فضل الرحمن نے ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں صاف ستھری اور سنجیدہ سیاست ہونی چاہئے، ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کی سیاست کا خاتمہ ہونا چاہئے جمعیت علماء اسلام ملک کے آئین، پارلیمنٹ اور جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم ایک نئے دور کی طرف جا رہے ہیں، ایک دوسرے کو چور کہنے سے کونسا سیاسی کلچر تخلیق ہو رہا ہے ہم جس دور میں ہیں ہمارے پاس غلطی کی گنجائش نہیں، یہ سب خود بخود نہیں ہو رہا اس کی آبیاری بین الاقوامی سطح پر ہو رہی ہے، کوئی مالیاتی کرپشن کی بات کر رہا ہے، کوئی اخلاقی کرپشن کی بات کر رہا ہے، جن سیاستدانوں سے عوام نالاں ہیں انہیں وہ خود اقتدار میں لائے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے تمام اداروں کو عالمی تناظر میں معاملات کو دیکھ کر سوچنا ہوگا انہوں نے کہاکہ ملک کے ایک منتخب وزیر اعظم کو پہلی بار صدر نے دوسری بار آرمی چیف نے برطرف کیا اور اب عدالت نے اس کو برطرف کیا ہے اب ملک میں بہت تجربے ہوگئے ہیں ہمیں اس صورتحال سے نکلنے کیلئے اقدامات کرنے ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنی پالیسیوں کو درست سمت دینی ہوگی اور اس حوالے سے جمعیت علماء اسلام ملک میں تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.