عمران خان نے محمود خان کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نامز د کر دیا

عمران خان نے محمود خان کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نامز د کر دیا
کیپشن: فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

اسلام آباد :عمران خان نے وزیراعلی خیبرپختونخواہ کے نام کا اعلان کردیا، سابق صوبائی وزیر برائے سیاحت محمود خان کو تحریک انصاف کے سربراہ نے خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی کیلئے نامزد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق طویل انتظار کے بعد تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بالآخر وزیراعلی خیبرپختونخواہ کے نام کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سابق صوبائی وزیر برائے سیاحت محمود خان کو خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی کیلئے نامزد کردیا ہے۔ محمود خان پی کے 9 سوات سے انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔ محمود خان کا نام سابق وزیراعلی خیبرپختونخواہ پرویز خٹک کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔

اس سے قبل اطلاعات یہ تھیں کہ عمران خان سابق وزیر تعلیم عاطف خان کو صوبے کا وزیراعلی بنانے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔تاہم اب میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے عاطف خان کی جگہ محمود خان کو خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی کیلئے نامزد کردیا ہے۔ محمود خان خیبرپختوںخواہ اسمبلی کے پہلے اجلاس میں ہی ممکنہ طور پر وزارت اعلی کے عہدے کا حلف اٹھا لیں گے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں تاریخ رقم کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔تحریک انصاف نے خیبرپختونخواہ میں کلین سوئپ کرتے ہوئے 2 تہائی اکثریت حاصل کر لی تھی۔ یہ پہلا موقع تھا جب کسی سیاسی جماعت نے خیبرپختونخواہ میں ناصرف مسلسل دوسری مرتبہ کامیابی حاصل کی، جبکہ کلین سوئپ بھی کیا۔ اس سے قبل خیبرپختونخواہ میں یہ کارنامہ کوئی دوسری سیاسی جماعت انجام نہیں دے پائی۔ تاہم خیبرپختونخواہ میں اس تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے باوجود تحریک انصاف وزیراعلی کی نامزدگی کے معاملے میں شدید مشکلات کا شکار رہی۔

25 جولائی کے نتائج کے بعد تحریک انصاف کے کئی رہنما خیبرپختوںخواہ کی وزرات اعلی کے امیدوار بن کر سامنے آئے۔ ان امیدواروں میں پرویز خٹک،، اسد قیصر، شاہ فرمان، عاطف خان اور دیگر شامل تھے۔ تاہم اب عمران خان نے سابق وزیر سیاحت اور کھیل محمود خان کو صوبے کے نئے وزیراعلی کیلئے نامزد کردیا ہے۔