حسن روحانی کا عمران خان کو فون ، دورہ ایران کی دعوت دیدی

حسن روحانی کا عمران خان کو فون ، دورہ ایران کی دعوت دیدی
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد : ایران کے صدر حسن روحانی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین اور پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان کو دورہ ایران کی دعوت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین اور پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور ایران کے دورے کی بھی دعوت دی۔

دونوں رہنمائوں نے گفتگو کے دوران پاک ایران تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ، اس موقع پر ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران فقط ہمسائے نہیں ہیں ، مذہبی اور ثقافتی بندھن سے جڑے ہیں ۔

حسن روحانی نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات میں مزید پختگی اور اضافے کے خواہاں ہیں ، عمران خان نے ایرانی صدر کی جانب سے دورہ ایران کی دعوت پر شکریہ ادا کیا اور اس کو قبول بھی کیا۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایران سے خصوصی تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے ، سفارتی تعلقات میں مزید بہتری کے خواہشمند ہیں ۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنردوست بھی ملاقات کرچکے ہیں جنھوں نے ملاقات کے دوران ایرانی صدر کو مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین نے کہنا تھا کہ اپنی سالمیت کے تحفظ کے لئے ایران کا کردار قابل تحسین ہے ، ایران اور سعودی عرب کے لئے تعمیری ، مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔