اسلام آباد اور پنجاب سمیت پاکستان کے بالائی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

اسلام آباد اور پنجاب سمیت پاکستان کے بالائی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پنجاب اور پاکستان کے بالائی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیئے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندو کش تھا اور اس کی گہرائی 226 کلومیٹر تھی جبکہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کے جھٹکے صوبہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بالائی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ خیبرپختونخوا کے جن علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ان میں مروت، بنوں، مردان اور ہنگو، مالاکنڈ، کوہاٹ، شمالی وزیرستان اور اطراف کے علاقے شامل ہیں۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ پنجاب میں راولپنڈی اور لاہور، سرگودھا، سیالکوٹ، جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گردونوح کے علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ رواں سال 5 فروری کو پاکستان کے شمالی علاقہ جات، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے اور زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی تھی۔

یہ پاکستان میں گزشتہ 4 روز میں آنے والا دوسرا زلزلہ تھا، اس سے قبل 2 فروری کو بھی ملک کے بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے. جس کا مرکز افغانستان میں ہندوکش تھا اور گہرائی 208 کلومیٹر جبکہ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.8 تھی۔