ذاتی انتقام کیلئے جس طرح حکومت اداروں کو استعمال کر رہی ہے یہ درست نہیں: خواجہ آصف

ذاتی انتقام کیلئے جس طرح حکومت اداروں کو استعمال کر رہی ہے یہ درست نہیں: خواجہ آصف
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اپنے ذاتی انتقام کیلئے جس طرح موجودہ حکومت اداروں کو استعمال کر رہی ہے یہ درست نہیں۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا آج ظاہر ہو گیا ہے کہ مریم نواز کی مقبولیت سے حکومت کتنی خوفزدہ تھی۔ اس طرح کے حالات جس میں جبر اور ظلم ہو رہا ہے ہمیشہ نہیں رہیں گا۔ حکومت پوری قوم کو تقسیم کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ نیب نے مریم نواز کو حراست میں لے لیا، مریم نواز کی گرفتاری چودھری شوگر ملز کیس میں عمل میں لائی گئی۔

ذرائع کے مطابق نیب نے مریم نواز کو آج طلب کر رکھا تھا، لیکن انہوں نے پیش ہونے سے معذرت کی اور کوٹ لکھپت جیل اپنے والد کو ملنے چلی گئی۔ نیب ٹیم نے کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے مریم نواز کو وارنٹ گرفتاری دیکھا کر حراست میں لیا۔ نیب نے مریم نواز کے ساتھ ان کے کزن یوسف عباس کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 31 جولائی کو چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز نیب ٹیم کے سامنے پیش ہوئی تھیں۔ نیب کی مشترکہ ٹیم نے 45 منٹ تک مریم نواز سے تحقیقات کی تھیں اور سوالنامہ بھی دیا تھا، لیکن آج مریم نواز پیش نہ ہوئیں تو وارنٹ جاری کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

مریم نواز کے لندن میں مقیم بھائی حسن اور حسین نواز کو دوبارہ طلبی کیلئے نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔