گوجرانوالہ : مسافروین میں سلنڈر دھماکا، 9 افراد زندہ جل گئے

گوجرانوالہ : مسافروین میں سلنڈر دھماکا، 9 افراد زندہ جل گئے
سورس: فائل فوٹو

گوجرانوالہ : گوجرانوالہ  میں تھانہ کینٹ کے علاقہ شاہ کوٹ کے قریب مسافر وین میں سلنڈر  دھماکا ہوا ہے۔ جس کے بعد  9 زندہ جل گئے ہیں۔ 7 زخمی ہو گئے۔

 نیو نیوز کے مطابق گوجرانوالہ میں ڈی سی کالونی کے قریب مسافر وین میں سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں نو افراد جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق جب کہ سات زخمی ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ ریسکیور ٹیم نے لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا۔ وین میں سلنڈر پھٹنے کے باعث جی ٹی سڑک بلاک ہوگئی۔

ریسکیو انچارج گوجرانوالہ انجم شہزاد نے بتایا ہے کہ مسافر وین راولپنڈٰی سے آ رہی تھی اور وین نے بریک لگائی تو پیچھے سے ایک منی ٹرک نے ہٹ کیا اور ٹکر سے پیچھے لگے سلنڈر سے گیس لیکیج ہوئی۔ لیکیج سے گاڑی میں آگ لگ گئی جس نے پوری وین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ڈی ایچ کیو اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ زخمیوں کے ناموں کے لیے ڈی ایچ کیو الگ سے کاونٹر قائم کر دیا گیا۔ ریسکیو اور اسپتال کی اکٹھی تفصیلات کاونٹر سے مل سکیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وین میں سلنڈر پھٹنے سے انسانی جانوں کی ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور آر پی او سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔