اسلام آباد : وفاقی تحقیقاتی ادارے نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا کو حراست میں لے لیا۔ نعیم حیدر پنجوتھا تفتیش کےلیے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز گئے تھے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے جج ہمایوں دلاور کی پوسٹ کی تحقیقات کے لیے نعیم پنجوتھا کو طلب کیا تھا۔ نعیم حیدر پنجوتھا چیئرمین پی ٹی آئی کے قانونی امور پر ترجمان ہیں۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا ایف آئی اے سائبر کرائم آفس پہنچے تھے، انہیں ایف آئی اے اسلام آباد نے آج صبح 10 بجے طلب کر رکھا تھا۔ایف آئی اے نوٹس کے مطابق نعیم حیدر کو جج ہمایوں دلاور کے خلاف جعلی سوشل میڈیا پوسٹ لگانے پر طلب کیا گیا۔
نوٹس میں مزید کہا گیا تھا کہ غیر حاضری پر سمجھا جائے گا کہ آپ کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کیلئے کچھ نہیں۔نعیم پنجوتھا نے ایف آئی اے طلبی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایف آئی اے کے سامنے پیش ہو رہے ہیں، جو بھی سوال ہوگا بھرپور جواب دیں گے۔
تحریک انصاف کے وکیل شیر افضل مروت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نعیم حیدر پنجوتھا کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ نعیم پنجوتھا جج ہمایوں دلاور پوسٹس کی انکوائری کےلیے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ نعیم پنجوتھا کے کلرک نے ان کی حراست کی تصدیق کی ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ نعیم پنجوتھا کو باضابطہ گرفتار کیا گیا ہے کہ نہیں۔