دنیا کی وزنی ترین مصری خاتون کی بھارت میں سرجری ہوگی

دنیا کی وزنی ترین مصری خاتون کی بھارت میں سرجری ہوگی

قاہرہ :ایک مصری خاتون جلد ہی وزن کم کرنے کے لیے سرجری کے لیے بھارت جائیں گی۔ ان کا وزن 500 کلوگرام ہے اور خیال ہے کہ وہ دنیا کی وزنی ترین خاتون ہیں۔36 سالہ ایمان احمد العبدالآتی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ممبئی پہنچیں گی جہاں سرجن ڈاکٹر مضفل لکڑاوالا ان کا آپریشن کریں گے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر قاہرہ میں انڈین سفارتخانے نے ان کے ویزے کی درخواست مسترد کر دی تھی کیونکہ وہ خود سفر کرنے کے قابل نہیں تھیں۔سرجن کی جانب سے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرنے کے بعد انڈیا کی وزیرخارجہ کی جانب سے فیصلہ تبدیل کر دیا گیا۔انڈیا کے خارجہ امور کی وزیر سشما سوراج نے جلد ہی جواب دیتے ہوئے مدد کی پیشکش کی۔
ایمان احمد العبدآتی کے خاندان کا کہنا تھا وہ 25 سال سے گھر سے باہر نہیں نکلیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ ان کا وزن 500 کلوگرام ہے۔اگر ان کے وزن کے بارے میں دعویٰ درست ہے تو وہ دنیا کی وزنی ترین خاتون ہوں گی۔
سب سے زیادہ وزنی خاتون کا موجودہ گیئنس ورلڈ ریکارڈ امریکی خاتون پولین پوٹر کے پاس ہے جس کا وزن 292 کلوگرام ہے۔ڈاکٹر لکڑاوالا اس سے قبل وزن کم کرنے کے لیے انڈین وزرا نتن گدکاری اور وینکائیا کے آپریشنز کر چکے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ عبدالآتی کی میڈیکل رپورٹس اور تصاویر دیکھ کر ان کے خیال میں ان کا وزن کم از کم 450 کلوگرام ہے۔عبدالآتی کی خاندان کا کہنا تھا کہ پیدائش کے وقت ان کا وزن پانچ کلوگرام تھا ہے اور ان میں ایلیفنٹیاسس کی تشخیص ہوئی تھی، اس بیماری میں بازو اور جسم کے دوسرے حصے انفیکشن کی وجہ سے سوج جاتے ہیں۔