ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، 2 شہری شہید

ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، 2 شہری شہید

مظفرآباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی کے چڑی کوٹ سیکٹر پر چھفر گاؤں میں ایک جنازے پر فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 شہری شہید اور ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ بیان کے مطابق بلااشتعال بھارتی فائرنگ کے جواب میں پاکستانی فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں ایک بھارتی پوسٹ تباہ اور ایک بھارتی فوجی ہلاک جبکہ 4 سے 5 بھارتی فوجی زخمی ہوئے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے لیکن اس کے باوجود بھی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ رواں برس بھی بھارت کی جانب سے اب تک 1300 سے زائد مرتبہ ورکنگ باونڈری کی خلاف وزری کی جا چکی ہے جس کے نتیجے میں متعدد پاکستانی شہری جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں۔

گذشتہ ماہ بھی چری کوٹ سیکٹر میں بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے خاتون کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں