تحریک انصاف اورنج لائن منصوبے میں تاخیر کی مجرم ہے، شہباز شریف

تحریک انصاف اورنج لائن منصوبے میں تاخیر کی مجرم ہے، شہباز شریف

لاہور: خادم اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے میں تاخیر کی سب سے بڑی مجرم تحریک انصاف ہے لیکن قوم انہیں معاف نہیں کرے گی۔منصوبے کی بحالی کے بعد مخالفین اور تحریک انصاف کو منہ کی کھانا پڑی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور اورنج لائن منصوبے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر 100 فیصد عمل کریں گے۔اگر اورنج لائن منصوبے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی نہ کی جاتیں تو اورنج لائن 15 دسمبر کے بعد چلنا شروع ہو جاتی۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن لاہور یا پنجاب کا نہیں بلکہ پاکستان کا منصوبہ ہے لیکن عمران خان اور ان کی ٹیم نے اس منصوبے میں 22 ماہ تک تاخیر کروائی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف لاہور کے صدر ولید اقبال نے پوری کوشش کی کہ اورنج لائن منصوبہ رک جائے، تحریک انصاف والوں نے چھپ کر وار کیا اور ایسا کام بزدل کرتا ہے، جب سپریم کورٹ میں ان کی مخالفت سامنے آئی تو انہیں اپنی درخواست واپس لینا پڑی۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن کے مخالفین نے پاکستان کے غریب عوام سے بدلہ لیا ہے، یہ لوگ لوٹ مار کر کے جہاز خریدتے ہیں۔