برطانوی اور ہالی وڈ اداکار پاکستان میں بھی شوٹنگ کریں، فواد چوہدری

برطانوی اور ہالی وڈ اداکار پاکستان میں بھی شوٹنگ کریں، فواد چوہدری
کیپشن: فواد چوہدری نے فلم انسٹیٹیوٹ کے حکام کو میڈیا یونیورسٹی کے قیام سے متعلق بھی آگاہ کیا۔۔۔۔فوٹو/ وزیر اطلاعات آفیشل فیس بُک پیج

لندن: اپنے دبنگ انداز میں خبروں میں رہنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پاکستان میں برطانوی اور ہالی وڈ اداکاروں کو پاکستان آنے اور شمالی علاقی جات میں شوٹنگ کی دعوت دی ہے۔ لندن میں برطانوی فلم انسٹیٹیوٹ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی جس میں فلم فنڈ کے قیام، سرٹیفکیشن کیلئے برطانوی فلم انسٹی ٹیوٹ سے تعاون پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں فواد چوہدری نے فلم انسٹیٹیوٹ کے حکام کو میڈیا یونیورسٹی کے قیام سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ پاکستانی فلمی صنعت کی بحالی و ترقی چاہتے ہیں جس کیلئے فلم فنڈ قائم کیا جائے گا۔ یونیورسٹی فلم اور پرفارمنگ آرٹ سے متعلق تعلیم و تربیت فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی اور ہالی وڈ کے اداکار پاکستان آئیں اور شمالی علاقوں میں شوٹنگ کریں، پاکستان کے شمالی علاقے دنیا بھر میں قدرتی حسن کی وجہ سے مشہور ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فلمی صنعت کی ترقی کیلئے بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے اور حالیہ دنوں میں بیرون ملک سے تربیت یافتہ نوجوانوں نے متعدد کامیاب فلمیں بنائیں۔

ان کا کہنا ہے کہ 1960 تک پاکستان فلمسازی میں دنیا کا تیسرا بڑا ملک تھا لیکن اس کے بعد تنزلی شروع ہوئی اور 2005 میں کوئی بھی فلم نہ بنی۔ 2006 سے سنیما کی بحالی شروع ہوئی اور اب فلمی صنعت ترقی کر رہی ہے۔

فواد چوہدری کے مطابق اس وقت پاکستان میں 187 سنیما گھر فعال ہیں اور آئندہ سالوں میں سنیماؤں کی تعداد ایک ہزار تک بڑھانا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر طلاعات نے برطانوی فلم ماہرین سے بھی ملاقات کی جس میں فلم سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ برطانوی فلم ماہرین نے دونوں ملکوں کی فلمی صنعتوں کے اشتراک کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سرکاری شعبے میں بچوں کا چینل شروع کرنا چاہتے ہیں جبکہ برطانوی ماہرین نے معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔