چیچہ وطنی بائی پاس کے قریب مسافر بس آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی

چیچہ وطنی بائی پاس کے قریب مسافر بس آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی
کیپشن: فوٹؤ انسٹاگرام ۔۔۔ ملتان سے فیصل آباد، ساہیوال اور دوسری اہم شاہراہوں پر ڈرائیوروں کی نیند پوری نہ ہونے سے آئے روز چھوٹے بڑے حادثات ہوتے رہتے ہیں

ملتان: چیچہ وطنی بائی پاس کے قریب تیزرفتارمسافر بس آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں  3افراد جاں بحق اور 15سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

 تفصیلات کے مطابق ملتان سے ساہیوال جانے والی بس  چیچہ وطنی بائی پاس کے قریب   سامنے سے آنے والے آئل ٹینکر سےٹکرا گئی ۔ حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار تین افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 15 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ۔جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیاہے۔

ریسکیوذرائع کے مطابق مسافر بس ملتان سے ساہیوال جارہی تھی حادثہ بس ڈرائیور کو نیند آجانے کے باعث پیش آیا ۔ ریسکیو ذرائع کا مزید کہناتھا کہ ملتان سے فیصل آباد، ساہیوال اور دوسری اہم شاہراہوں پر ڈرائیوروں کی نیند پوری نہ ہونے سے آئے روز چھوٹے بڑے حادثات ہوتے رہتے ہیں ۔جبکہ موسم سرما میں ان ٹریفک حادثات کی تعداد میں دھند کے باعث مزید اضافہ ہو جاتا ہے ۔

عینی شاہدین کا کہناہے کہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور تک سنائی دی اور حادثے کی آواز سنتے ہی لوگوں گھروں سے نکل حادثے کا شکار ہونے والوں کی مدد کے لیے پہنچ گئے ۔ ایک عینی شاہد کا کہناتھا کہ حادثے کے فوری بعد تمام زخمی افراد کو فوری طور پر بس سے نکلا گیا اور آئل ٹینکر  میں ممکنہ طور پر کسی بھی حادثے سے بچنے کے لیے علاقہ مکینوں کو ہدایات دیتے رہے ۔