وزیر اعظم نے کہا کہ وزارت اطلاعات لے لو, شیخ رشید کا دعویٰ

وزیر اعظم نے کہا کہ وزارت اطلاعات لے لو, شیخ رشید کا دعویٰ
کیپشن: فوٹو بشکریہ شیخ رشید آفیشل ٹوئٹر

لاہور : وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں وزیراعظم عمران خان نے فواد چوہدری کو ہٹا کر وزارت اطلاعات دینے کی پیشکش کی ہے۔جس پر فواد چوہدری بخوشی اپنی وزارت شیخ رشید کو دینے پر رضا مند ہو گئے ۔


تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا میری کل عمران خان کیساتھ 4 ملاقاتیں ہوئیں ہیں اور انہوں نے مجھے وزارتِ اطلاعات میں آنے کی پیشکش کی ہے ۔ فواد چوہدری سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ لندن میں پکنک منا رہے ہیں ۔


بس یہ بات کرنے کی دیر تھی فواد چوہدری بھی ایکشن میں آئے اور اپنی وزارت شیخ رشید کو دینے پر رضامند ہو گئے ۔سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کا سہارا لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "میں شیخ رشید کیلئے اپنی وزارت چھوڑنے کیلئے تیار ہوں اور میں اپنی ذمہ داری ایک ایم این اے کے طور پر قومی اسمبلی میں ادا کرتا رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو فیصلہ کرنے دیں کہ کس کیلئے کونسی سی وزارت موزوں ہے ۔ انہوں نے ساتھ یہ بھی کہا کہ لیکن جب تک بھی میں وزیر ہوں تب تک ایڈورٹائزنگ لابی کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گا "۔


فواد چوہدری کی ٹوئٹ کے بعد شیخ رشید نے اپنے قائد عمران خان کی طرح یو ٹرن لیتے ہوئے کہا کہ میں نے لندن میں پکنک کی بات مذاق میں کہی تھی۔انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری بہت محنتی وزیر ہیں اور کوئی یہ نہ سوچے کی میں ان کیخلاف ہوں۔


دو وفاقی وزیروں کی تکرار کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے کہا کہ اطلااعات کی وزارت میں تبدیلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے جبکہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فواد چوہدری اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔