نواز شریف کی پی ڈی ایم کے سربراہ کو استعفے جمع کروانے کی تجویز

نواز شریف کی پی ڈی ایم کے سربراہ کو استعفے جمع کروانے کی تجویز
کیپشن: پی ڈی ایم اجلاس، لاہور جلسے کے بعد استعفوں یا لانگ مارچ سے متعلق فیصلوں کا امکان
سورس: فائل فوٹو

لاہور: پی ڈی ایم نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لئے بیٹھک سجا لی۔ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کا اجلاس ہوا۔ پی ڈی ایم اجلاس میں جیل بھرو تحریک کی تجویز سامنے آ گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں  مولانا فضل الرحمان نے جیل بھرو تحریک چلانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا اگر پی ڈی ایم کے سربراہ یا اہم رہنماؤں میں سے کسی کی گرفتاری ہوتی ہے تو اس آپشن پر غور کیا جائے۔ تمام جماعتیں اپنے کارکنوں کو اس حوالے سے تیار رکھیں اور گرفتاریوں کی صورت میں احتجاجی لائحہ عمل اور قومی شاہراہوں کی بندش بھی کی جائے۔ نئے سال کے آغاز میں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے تجویز دی کہ استعفے لانگ مارچ کے بعد دیئے جائیں اور بروقت اس آپشن کا استعمال کیا جائے۔

اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے نواز شریف نے شرکت کی اور انہوں نے تجویز دی کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کے ارکان اپنے استعفے مولانا فضل الرحمان کو جمع کروایں۔ لانگ مارچ کے بعد پی ڈی ایم کے سربراہ استعفے مناسب وقت پر اسپیکر کو پیش کریں۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کی تجویز کی تمام جماعتوں نے مکمل طور پر حمایت کی۔ 

اجلاس میں ،مریم نواز، بلاول بھٹو،شاہد خاقان عباسی ، یوسف رضا گیلانی ،امیر حیدر ہوتی ،محمود خان اچکزئی ،مولانا انس نورانی ،علامہ ساجد میر، آفتاب شیر پاؤ سمیت دیگر اپوزیشن رہنما شریک ہیں۔ آصف زرداری، نواز شریف بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہیں۔ اجلاس میں لاہور 13 دسمبر جلسے کے بعد استعفوں یا لانگ مارچ سے متعلق اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میں تین نکاتی ایجنڈے پر بھی تفصیلی گفتگو ہو گی۔ اس کے علاوہ پی ڈی ایم کے رہنما ضلعوں میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کی تجویز پر بھی غور کریں گے جبکہ لانگ مارچ، اسمبلی اور سینیٹ سے استعفے دینے کی بھی تجویز زیر غور رہے گی۔ 

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہماری تحریک عوامی ہے اور یہ اب کسی صورت میں بھی نہیں رکے گی۔ لاہور جلسے سے حکومت کی جان نکلی ہوئی ہے اور حکومت اب خود ہی جانے والی کیونکہ خوف میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ان کی ایف آئی آر کہیں بھی سٹینڈ نہیں کرتی اور تحریک انصاف کی حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔ 

8928f769fa16c9733f8f4ffc03879085

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور جس طرح سے کل کی ریلیوں میں نکلا اس کو پوری دنیا نے دیکھا کیونکہ مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ عوام پی ڈی ایم اور نواز شریف کی طرف اب دیکھتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سوشل میڈیا پر مینار پاکستان گراؤنڈ میں پانی چھوڑنے کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا حکومت کے پاؤں اکھڑ گئے ہیں اور جان نکل چکی ہے اور یہ نا صرف تابعدار خان کا خوف ہے بلکہ حکومت ختم ہونے کا یقین ہے کیونکہ وہ جانتا ہے وہ جا رہا ہے، انشاءاللّہ جلسہ بھی ہو گا اور حکومت گھر بھی جائے گی باقی انتظار کیجیے۔