حاصل پور کے نجی کالج میں غیراخلاقی حرکات، وزیراعلیٰ کا نوٹس ، کالج سیل

حاصل پور کے نجی کالج میں غیراخلاقی حرکات، وزیراعلیٰ کا نوٹس ، کالج سیل

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حاصل پور کے نجی کالج میں ڈانس پارٹی کا نوٹس لے لیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کالج کی تقریب میں غیراخلاقی سرگرمیوں کانوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ۔ جبکہ نجی کالج کو سیل کردیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر حاصل پور کے نجی کالج کی سالانہ تقریب ہوئی  ۔یہ تقریب ایک نجی شادی ہال میں منعقد کی گئی تھی جس میں کالج کے طالبعلم اور اساتذہ ایک ساتھ ڈانس کرتے نظر آئے ۔

سالانہ تقریب میں بھارتی گانوں پر رقص بھی کیا گیا جبکہ اس موقع پر چند طالبعلموں نے خواتین کے گیٹ اپ میں ڈانس کیا اور دیگر ساتھی طالبعلموں نے ڈانس کرتے طالبعلموں پر نوٹ بھی نچھاور کئے  ۔
https://twitter.com/MAsghar89934134/status/1468122389057843203?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1468122389057843203%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.samaa.tv%2Fnews%2F2021%2F12%2Fhasilpur-college-sealed-after-videos-of-cross-dressed-boys-go-viral%2F

کالج کی سالانہ تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر جب وائرل ہوئیں تو خواتین کے کپڑوں میں ولگر ڈانس دیکھ کر سب نے یہ ہی محسوس کیا کہ کالج کی تقریب میں طالبات ڈانس کررہی ہیں لیکن ایسا نہیں تھا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حاصل پور کالج میں ہونے والی اس تقریب میں غیراخلاقی سرگرمیوں کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے  کمشنر بہاولپور ڈویژن اور سیکرٹری تعلیم سے رپورٹ طلب کر لی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے  تعلیمی ادارے میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا  جس کے بعد ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے نجی تعلیمی ادارے کو سیل کردیا۔عثمان بزدار  کا کہنا تھا کہ نجی تعلیمی ادارے میں بغیر اجازت تقریب منعقد کرنے پر قانون کے تحت کارروائی کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے، کالج میں مخلوط تقریب کے دوران غیر اخلاقی سرگرمیاں ناقابل برداشت ہیں ۔