اقتدار میں آ کر کاروبار کو فائدہ پہنچانا کرپشن ہے: عمران خان

اقتدار میں آ کر کاروبار کو فائدہ پہنچانا کرپشن ہے: عمران خان

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا امید ہے پاناما کیس جیتیں گے کیونکہ کبھی کسی طاقتور کی اس طرح تلاشی نہیں لی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا اقتدار میں آ کر کاروبار کو فائدہ پہنچانا کرپشن ہے۔ سپریم کورٹ پاناما لیکس کیس کا جو فیصلہ کرے گی قبول ہو گا۔ پاناما لیکس سے نواز لیگ، حکومت کا نہیں بلکہ شریف خاندان کا تعلق ہے۔ اسحاق ڈار کا اعترافی بیان اصل میں منی ٹریل ہے۔ سب کو پتہ ہے کہ قطری خط بڑا فراڈ ہے۔ قطری خود بڑا فراڈ ہے کیونکہ اس کی پاناما میں کمپنیاں ہیں۔

انہوں نے کہا آدھے موٹروے کا افتتاح کبھی نہیں دیکھا کیونکہ ن لیگ گھبرائی ہوئی ہے۔ میاں صاحب جتنے مرضی فیتے کاٹن لیں اس سے فرق نہیں پڑتا تلاشی دینا پڑے گی۔ کپتان نے کہا پاناما کیس میرا نہیں 20 کروڑ پاکستانیوں کا ہے اس کیس سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ نواز شریف کی کرپشن سے بڑے لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ رانا ثناللہ اور سعد رفیق سپریم کورٹ کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ نواز شریف کے وکیل ٹیکنیکل طریقے سے انہیں بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نواز شریف ملکی اداروں پر کرپٹ افراد کو لگا رہے ہیں۔ افسوس ہے کہ گورنر سندھ محمد زبیر کو سب کچھ جاننے کے باوجود شریف خاندان کا دفاع کر رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کراچی میں اس سے پہلے گندگی کے ڈھیر نہیں تھے اور کراچی میں کرپشن کی انتہا کر دی گئی ہے۔ سندھ کے 40 فیصد لوگ سیوریج ملا گندہ پانی پیتے ہیں۔ کراچی میں بچوں کے کھیلنے کیلئے کوئی گراؤنڈ نہیں کیونکہ کھیل کے میدان چائنہ کٹنگ کی نظر ہو گئے ہیں۔

عمران خان نے مطالبہ کیا کہ متحدہ بانی کا بھی احتساب ہونا چاہیئے لیکن پتا نہیں یہ کب ہو گا۔ سندھ کا کوئی وارث نہیں متحدہ بانی باہر بیٹھ کر کراچی کے ڈان بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کے کارکن کو قتل کیا گیا لیکن ابھی تک ملزمان کو نہیں پکڑا گیا۔ کراچی تب تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک یہاں امن قائم نہ ہو۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں