جس نے محنت کی فیتہ بھی وہی کاٹے گا، وزیراعظم کی مخالفین پر تنقید

جس نے محنت کی فیتہ بھی وہی کاٹے گا، وزیراعظم کی مخالفین پر تنقید

شیخوپورہ: وزیراعظم نواز شریف نے بھکھی تھرمل پاور پلانٹ فیز ون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج سوا سال کے بعد ہم جو دیکھ رہے اس پر یقین نہیں آ رہا۔ خوشی ہے ہماری محنت رنگ لا رہی ہے۔ یہ منصوبہ اللہ کی مدد سے ممکن ہوا ہے اور مستقبل میں مزید منصوبے جلد مکمل ہونگے۔ ان کا خطاب میں کہنا تھا پاکستان میں بڑی تیزی سے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ بھکھی پاور پلانٹ کا 84 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور یہ منصوبہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ عملے نے تیز کام کرنے کی مثال قائم کر دی ہے۔ منصوبہ اصل قیمت سے کم قیمت پر مکمل ہو رہا ہے۔ ورنہ ماضی میں ایسے منصوبوں کی لاگت زیادہ تھی۔ منصوبوں پر شفافیت اور بچت کی مثال دی جائے گی۔ بھکھی پاور پلانٹ سے ملنے والی بجلی کی قیمت چھ روپے یونٹ ہو گی۔

ان کا مزید کہنا تھا حویلی بہادر شاہ کا منصوبہ بھی پایہ تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ وزیراعظم نے کہا آج بین الاقوامی جریدے پاکستان کی معاشی ترقی کی تعریف کر رہے۔ اس وقت ملک میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہو گئی ہے اور آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ وزیراعظم نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا جس نے محنت کی فیتہ بھی وہی کاٹے گا۔ آپ بھی اپنا حصہ ڈالو اور ملک کے خلاف سازشیں کرنا چھوڑ دیں۔ جب سب اچھا ہو گا تو وزیراعظم فیتے نہیں کاٹے گا تو اور کیا کرے گا۔

اس سے پہلے وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت گورنر ہاؤس پنجاب میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں گلوبل ایس ڈی جی پروگرام 18-2016 کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایس ڈی جی پروگرام برائے پاکستان میں توانائی کے شعبہ، بجلی کی بحالی اور انفراسٹرکچر سمیت گیس اور قدرتی وسائل کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے پنجاب میں اسکولوں کی موجودہ صورتحال اور ان میں سہولیات کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو کھیتوں سے منڈیوں اور صحت کے بنیادی مراکز میں سہولیات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے ترقیاتی پراجیکٹس پر کام کی رفتار اور شفافیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک دوسرے سے مل کر ترقی کے منصوبوں پر عمل درآمد کر رہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ترقیاتی پروگرام پر عمل درآمد کے مثبت ثمرات سامنے آ رہے ہیں اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر ہو رہا ہے۔ پروگرام پر موثر عملدرآمد شہریوں کے معیار زندگی میں مزید بہتری لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا معیار زندگی بہتر کرنا ہمارا مشن ہے اور اللہ کی مدد سے اس پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں