نواز شریف نے ویڈیو لنک سے گواہوں کے بیان ریکارڈ کرنے کا حکم چیلنج کر دیا

 نواز شریف نے ویڈیو لنک سے گواہوں کے بیان ریکارڈ کرنے کا حکم چیلنج کر دیا

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے احتساب عدالت کا 2 فروری کا حکم نامہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ سابق وزیراعظم نے ایون فیلڈ ریفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے 2 غیر ملکی گواہوں کا بیان ریکارڈ کرنے سے متعلق احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

درخواست میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ، چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال اور وفاق کو فریق بنایا گیا ہے۔

اس سے قبل ایون فیلڈ ریفرنس میں نامزد مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے بھی غیرملکی گواہوں کے بیان ویڈیو لنک کے ذریعے قلمبند کرنے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے 2 فروری کو  استغاثہ کے غیر ملکی گواہ رابرٹ ریڈلی اور اختر راجہ کا بیان بذریعہ ویڈیو لنک قلمبند کرنے کی نیب کی درخواست منظور کی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں