ضیا اللہ آفریدی کیخلاف عمران خان کا ریفرنس خارج

ضیا اللہ آفریدی کیخلاف عمران خان کا ریفرنس خارج

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ضیاء اللہ آفریدی کو نااہل قرار دینے کے حوالے سے عمران خان کے ریفرنس پر 31 جنوری کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا اور ضیا اللہ آفریدی کو رکن اسمبلی برقرار رکھا ہے۔ ضیااللہ آفریدی کا اپنی درخواست میں کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی کرپشن کے خلاف آواز بلند کی جس پر انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا جب کہ انہوں نے کسی اور پارٹی میں بھی شمولیت اختیار نہیں کی ۔

ضیا اللہ آفریدی کے وکیل لطیف کھوسہ نے گزشتہ سماعت پر مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے موکل نے آصف زرداری سے ہاتھ ملایا تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ پارٹی میں شمولیت کر لی کسی پارٹی سربراہ سے ملنا کوئی جرم نہیں۔

دوسری جانب عمران خان کی جانب سے دائر ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ ضیاء اللہ آفریدی نے پارٹی قواعد کی خلاف ورزی کی اور پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی اس لئے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کردہ فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا ریفرنس مسترد کر دیا اور ضیاءاللہ آفریدی کو رکن اسمبلی برقرار رکھا ہے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف نے ضیاء اللہ آفریدی کو 2015 میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے اختلافات اور مبینہ کرپشن کی نشاندہی پر پارٹی سے نکالا گیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں