کراچی کی عدالت نے اپنی گاڑی تلے بلی کچلنے والی خاتون کیخلاف مقدمہ درج کر نے کا حکم دیدیا

کراچی کی عدالت نے اپنی گاڑی تلے بلی کچلنے والی خاتون کیخلاف مقدمہ درج کر نے کا حکم دیدیا
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: اپنی گاڑی تلے بلی کو کچلنے والی خاتون کیخلاف سٹی کورٹ نے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے ایک شہری فائق جاگیرانی نے سٹی کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے خاتون کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔درخواست گزار کا کہنا تھا واقعہ کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 درخشاں تھانے کی حدود میں پیش آیا۔

شہری کا کہنا تھا کہ خاتون کی گاڑی تلے آکر بلی زخمی ہوئی اور خاتون سے پہلے بلی کے علاج کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن بعد میں بلی ہلاک ہوگئی تھی۔شہری نے بتایا کہ اس نے خاتون کی جانب سے انکار پر پولیس کی مدد لے لی تھی۔

دراخواست گزار نے موقف اپنایا کہ دنیا بھر میں بے زبان جانوروں کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے، پولیس اور عدالت جانوروں کو تحفظ فراہم کرنے اور انکے حقوق کے لئے اقدامات کریں۔

عدالت نے فائق جاگیرانی کی درخواست پر خاتون کے خلاف بلی کے قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔