ممبئی میں گھر نہیں تھا تو گیراج میں رہتا تھا، دھرمیندر

ممبئی میں گھر نہیں تھا تو گیراج میں رہتا تھا، دھرمیندر

ممبئی :بالی ووڈ  سینئر اداکار دھرمیندر نے کہا ہے کہ فلم کی دنیا میں قدم رکھنے کےلئے ممبئی آئے تو رہائش نہ ہونے کی وجہ سے انہیں گیراج میں رہنا پڑا اور پیٹ بھرنے کےلئے ایک ڈرلنگ فرم میں کام کرنا پڑا جہاں وہ کبھی کبھار اوور ٹائم بھی کرلیتے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر ایک شو میں مہمان کی حیثیت سے گئے تھے جہاں شو انتظامیہ کی جانب سے ایک ویڈیو میں اداکار کی اس جدوجہد کو دِکھایا گیا جو انہوں نے فلمی دنیا میں اپنا کریئر بنانے کے لیے کی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھرمیندر اپنے فلمی کیریئر کے ابتدائی دنوں کی جدوجہد پر مبنی ویڈیو دیکھ کر آبدیدہ ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ اپنے گاؤں سے ممبئی آیا تھا تو میں اس وقت گیراج میں رہتا تھا کیونکہ میرے پاس ممبئی میں رہائش کے لیے گھر نہیں تھا۔

انہوں نے نے کہا کہ زندہ رہنے کے لیے اور اپنی بھوک مٹا نے کی خاطر میں ایک ڈرلنگ فرم میں کام کرتا تھا جہاں سے مجھے ماہانہ 200 روپے تنخواہ ملتی تھی لیکن اکثر میں پیسوں کی خاطر وہاں اوور ٹائم بھی کرتا تھا۔بھارتی شو میں دِکھائی جانے والی ویڈیو میں دھرمیندر کے گاؤں کے اس پل کو بھی دِکھایا گیا جہاں وہ اسکول کے بعد جاتے تھے، وہ پل دیکھ کر بھارتی اداکار نے کہا کہ میں اِس پل پر جا کر ممبئی آنے کے خواب دیکھتا تھا۔

دھرمیندر نے کہا کہ آج میں جب بھی اس پل پر جاتا ہوں تو اس پل سے کہتا ہوں کہ یار دھرمیندر تو اداکار بن گیا ہے۔اِسی دوران جب دھرمیندر سے پوچھا گیا کہ آپ اپنے پوتے کرن دیول کو اپنی کون سی عادت نہیں دینا چاہیں گے؟ تو اِس پر دھرمیندر نے کہا کہ میں اپنے پوتے سے کہوں گا کہ بس شراب نہیں پینی۔

واضح رہے کہ دھرمیندر کا شمار بالی ووڈ کے نامور اور سینئر اداکاروں میں ہوتا ہے ان کی مشہور فلموں میں’شولے‘، ’سیتا اور گیتا‘، ’پھول اور پتھر‘ اور ’انوپما‘ شامل ہیں جبکہ ان کے دو بیٹے سنی دیول اور بابی دیول بھی بالی ووڈ کے مشہور اداکار ہیں۔