کسی کیساتھ بیک ڈور رابطے نہیں، فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے: ڈی جی آئی ایس پی آر

No backdoor contacts with anyone, army should not be dragged into politics: DG ISPR
کیپشن: فائل فوٹو

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے واضح کیا ہے کہ کسی قسم کے بیک ڈور رابطے نہیں ہو رہے، فوج کو سیاست میں مت گھسیٹیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان کی جانب سے جاری اہم بیان میں ایک مرتبہ پھر دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے سب پر واضح کیا گیا ہے کہ کسی قسم کی سیاست سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ اس قسم کی قیاس آرائیاں بند ہونی چاہیں۔ اگر اس قسم کے کوئی کے ثبوت ہیں تو انھیں سامنے لایا جائے۔ سیکیورٹی بڑا فریضہ ہے جو سرانجام دے رہے ہیں۔ جو ایسے بیانات دے رہے ہیں، ثبوت سامنے لائیں۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سے متعلق کچھ چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں۔ بغیر تحقیق اس بارے میں بات کرنا کسی کو زیب نہیں دیتا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دنیا کے سامنے ایک ڈوزیئر رکھا، بھارت دنیا بھر میں بے نقاب ہو چکا ہے۔ بھارت نے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

لاپتا کوہ پیماؤں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ علی سدپارہ اور ان کے ساتھیوں کی تلاش کیلئے تگ ودو کی جا رہی ہے۔ کوہ پیماؤں کی تلاش کیلئے تمام تر کوششیں کر رہے ہیں۔ علی سدپارہ قومی ہیرو اور اثاثہ ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ علی سدپارہ خیریت سے ہوں۔