ایرانی حکومت نے تمام سرکاری و نجی پرائمری اسکولوں میں انگریزی تعلیم پر پابندی لگا دی

ایرانی حکومت نے تمام سرکاری و نجی پرائمری اسکولوں میں انگریزی تعلیم پر پابندی لگا دی

تہران : ایرانی حکومت کی جانب سے تمام سرکاری و نجی پرائمری اسکولوں میں انگریزی کی تعلیم پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ایرانی محکمہ تعلیم کے ایک سینیئر عہدے دار نے بتایا کہ ملک کے پرائمری اسکولوں میں انگریزی کی تعلیم پر پابندی ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے اس بیان کے بعد عائد کی گئی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کم عمری میں انگریزی سیکھنے سے مغربی ثقافت کے داخل ہونے کے دروازے کھل جاتے ہیں۔

ایران کے سرکاری ہائی ایجوکیشن کونسل کے سربراہ مہدی نوید نے بتایا کہ کسی بھی سرکاری یا نجی پرائمری اسکول کے نصاب میں انگریزی زبان کی تعلیم کو شامل کرنا اب خلاف قانون ہوگا۔

خیال رہے کہ ایران اور مغربی ممالک خاص طور پر امریکا کے درمیان کافی عرصے سے تعلقات کشیدہ ہیں اور ایران چاہتا ہے کہ اس کے شہری اپنی روایات سے جڑے رہیں۔گزشتہ دنوں ایران میں حکومت کے خلاف پرتشدد مظاہرے بھی ہوئے تھے جس میں مظاہرین نے مہنگائی اور حکومت کی کرپشن کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ان مظاہروں میں 22 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ سیکڑوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔