طاہر القادری کو انصاف کے حصول کیلئے عدالت جانا چاہیئے، ترجمان پنجاب حکومت

طاہر القادری کو انصاف کے حصول کیلئے عدالت جانا چاہیئے، ترجمان پنجاب حکومت

لاہور: ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان نے کہا ہے کہ باقر نجفی رپورٹ میں کسی پر ذمے داری عائد نہیں کی گئی۔ طاہرالقادری انصاف کے حصول کے لیے عدالت جائیں کیونکہ عدالت ہی واحد فورم ہے جہاں سے انہیں انصاف ملے گا۔

حکومت پنجاب نے شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کے استعفے کے مطالبے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا طاہر القادری کی اے پی سی نے سیاسی اعلامیہ جاری کیا تھا۔ طاہرالقادری نے آصف زرداری سے بھی 2012 میں استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ ملک احمد خان کا کہنا تھا طاہر القادری دھرنا نہیں دیں گے کیونکہ دھرنوں نے نقصان کے علاوہ کچھ نہیں دیا اور عام انتخابات جولائی میں ہوں گے۔

ادھر عوامی تحریک کے زیراہتمام اے پی سی میں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثنا اللہ کو مستعفیٰ ہونے کے لیے 7 جنوری کی ڈیڈلائن ختم ہو گئی ہے۔ حکومتی شخصیات کی جانب سے اپوزیشن کی ڈیڈلائن کا کوئی نوٹس نہ لیا گیا جب کہ ڈیڈلائن ختم ہونے پر کل جماعتی کانفرنس کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر 3 بجے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ہوگا۔ اجلاس میں جہانگیرترین، میاں منظور وٹو، شیخ رشید ، لیاقت بلوچ، صاحبزادہ حامدرضا سمیت 18 جماعتوں کے رہنما شریک ہوں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں