سیاست کے فیصلے عدالت میں نہیں پولنگ اسٹیشن پر ہوتے ہیں، وزیراعظم

سیاست کے فیصلے عدالت میں نہیں پولنگ اسٹیشن پر ہوتے ہیں، وزیراعظم

سیالکوٹ: مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا خواجہ آصف نے ہرحال میں لیڈرشپ کا ساتھ دیا جبکہ ہم سب کے لیڈر نواز شریف ہیں جو آج بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ انہوں نے کہا ہمیشہ لیڈرشپ کا ساتھ دیا یہ ہی سیاست ہے اور میری نامزدگی پرکسی نے اعتراض نہیں کیا جبکہ جو روزانہ لیڈر تبدیل کر دیتے ہیں وہ پاکستان، سیاست کی خدمت نہیں کرتے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے خطاب میں کہا عدالتی فیصلے کے بعد مشکل مرحلے سے گزرنا پڑا کیونکہ تنقید کی جاتی ہے وزیراعظم بھی خود ہوں اور نواز شریف کو وزیراعظم مانتا ہوں۔ ہمارے وزیراعظم آج بھی نواز شریف ہیں اس میں دورائے نہیں کیونکہ نواز شریف کسی پر بھی ہاتھ رکھ دیں تو وہ وزیراعظم بن جاتا ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ ہمیں کسی قسم کی شرمندگی نہیں کیونکہ پاکستان کے مسائل حل کیے ہیں اور ہمیشہ عوام کی خدمت کی کسی کو گالیاں نہیں دیں۔

وزیراعظم نے کہا سیاست کے فیصلے عدالت میں نہیں ہوتے بلکہ پولنگ اسٹیشن میں ہوتے ہیں اور ہم نے نواز شریف سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کیا اور یہ فیصلے بھی تاریخ کی ٹوکری میں جائیں گے جیسے عدالت سے ہی نواز شریف کو ہائی جیکر بنایا گیا اور کیا عوام اور تاریخ نے قبول کیا؟۔

انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا آج پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے شہروں کا موازنہ کر لیں آپ کو فرق واضح نظر آ جائے گا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے کتنا کام کیا ہے ۔ وزیراعظم نے کا اگلےالیکشن کے بعد عوام کا فیصلہ سرآنکھوں پرہوگا اور پورا یقین ہے اگلا الیکشن ن لیگ جیتے گی۔

 اس سے قبل سیالکوٹ چیمبر آف کامرس میں تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جو پچھلے چار پانچ سال میں ہوا وہ کسی معجزے سے کم نہیں اور نواز شریف کا جو وژن تھا اس پر عملدرآمد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جس قسم کے ہمارے سیاسی حالات ہیں اور جو سیاسی ریکارڈ رہا، پاکستان میں حکومت کرنا بہت مشکل کام ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان وہ ملک تھا جہاں جمعہ کی نماز میں لوگ خوف میں مبتلا ہوتے تھے لیکن ہم نے بڑی قربانیاں دے کر دہشت گردی کے ناسور کو ختم کیا۔ آج امن و امان موجود ہے اور کراچی دنیا کے پانچ خطرناک شہروں میں تھا لیکن آج شہر امن کا گہوارا ہے۔ تمام سیاسی لوگوں، حکومت اور فوج نے مل کر کوشش کی اور اس کے اثرات سامنے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کوئی مانے نہ مانے پاکستان دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑ رہا ہے اس میں جو کامیابی پاکستان نے حاصل کی وہ کوئی نہیں کر سکتا۔ افغانستان میں ڈھائی لاکھ بیرونی فوج آئی اور کچھ نہ کرسکی لیکن ہم نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور ملک سے نکال باہر پھینکا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ تھا جب حکومت آئی تو بہت بڑا چیلنج تھا اور ہمیں خود شک گزرتا تھا کہ اتنا بڑا چیلنج کیسے پورا کریں گے لیکن اسے پورا کر لیا گیا۔ آج ملک میں بجلی زیادہ ہے اور گیس بھی زیادہ ہے اب کوئی بھی حکومت آئے ان کے لیے چینجز آسان ہیں اور ہم نے پندرہ سال کے لیے کام کر دیا ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سیالکوٹ ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ٹرمینل کا افتتاح کرنے پہنچے تو وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل ٹرمینل کا افتتاح کیا تو اس موقع پر وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر داخلہ احسن اقبال اور مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب عباسی بھی موجود تھے۔

بعد ازاں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایئرپورٹ کا انٹرنیشنل ٹرمینل اس علاقے کے لیے سنگ میل ہے جب کہ ترقیاتی منصوبے علاقے کی قسمت بدلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ موٹرویز اتنی ترقی دیں گے جو توقع سے باہر ہے کیونکہ یہ نواز شریف اور (ن) لیگ کی محنت و وژن ہے ورنہ اس سے پہلے حکومتیں پانچ سال سوچتی تھیں اور وقت ختم ہو جاتا تھا لیکن اس حکومت نے کام سوچے، شروع کیے اور پھر ختم بھی کیے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نندی پور پروجیکٹ 2006 میں شروع ہوا لیکن بدنامی ہماری ہوئی اور پورا بھی ہم نے کیا کسی کو توقع نہیں تھی زنگ آلود مشینری تھی اور کرپشن کا انبار تھا لیکن آج یہی پروجیکٹ بجلی پیدا کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت نے 10 ہزار میگاواٹ کے منصوبے شروع ہوئے اور مکمل کیے۔ یہ پاکستان کے لیے ہمارا حصہ ہےصرف باتیں نہیں۔ انہوں نے کہا بجلی کا بڑا بحران اگلے 15 سال کے لیے حل ہو چکا ہے پوری امید ہے بجلی کی قیمت بھی کم ہو گی۔ جب حکومت آئی تو ملک میں گیس نہیں تھی، انڈسٹری اور پلانٹس بند تھے، گھروں میں گیس کی قلت تھی لیکن آج ہر ایک کو جتنی گیس چاہیے وہ مل رہی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں