موجودہ نظام عدل مطلوبہ نتائج نہیں دے رہا، رانا ثنااللہ

موجودہ نظام عدل مطلوبہ نتائج نہیں دے رہا، رانا ثنااللہ

فیصل آباد: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ نے کہا کہ ساڑھے چار برس کے دوران حکومت کے لیے ہر وقت مشکل کھڑی کی گئی اور ہر وقت انتشار پھیلانے کی سازش کی گئی۔ ترقی میں رکاوٹ ڈالی گئی لیکن حکومت نے تمام مشکلات کے باوجود ترقی کے عمل کو جاری رکھا اور یہ قوتیں اب پوری طرح سے ایکسپوز ہو گئی ہیں۔

انہوں نے مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ایسا بے شرم انسان کیا قوم کی قیادت کر سکتا ہے؟۔ وہ ملک میں عدم استحکام اور افرا تفری کا ایجنڈا نافذ کرنے پر تلا ہوا ہے اس کا مقصد صرف ایک ہے کہ ملک ترقی نہ کرے جب کہ نواز شریف ایسا لیڈر ہے جس نے کبھی اس کی باتوں کا بھی جواب نہیں دیا۔

صحافی کے سوال کے جواب میں صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ نے کہا عدلیہ کے خلاف کوئی تحریک نہیں چلائی جا رہی لیکن موجودہ نظام عدل مطلوبہ نتائج نہیں دے رہا سب کے علم میں ہے کہ دادا کیس کرے اور پوتا بھگتے۔  یہاں وکیل کرنے کی ضرورت نہیں جج ہی کر لیں یہ وہ ضرب المثل ہے جو ہر خاص و عوام کے زبان پر ہے۔

وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ یہ نظام عدل فرسودہ ہے نتائج نہیں دے رہا اور ہماری تحریک ایسا نظام عدل لانے کے لیے ہے جو آدمی کو اس کی چوکھٹ پر انصاف دے نہ کہ کسی لاڈلے اور غیر لاڈلے کے درمیان کوئی تفریق کرے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں