افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں بھارت کو جیت کیلئے 208 رنز کا ہدف

افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں بھارت کو جیت کیلئے 208 رنز کا ہدف

کیپ ٹاؤن میں انڈیا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم دوسری اننگز میں 130 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے اور یوں مہمان ٹیم کو یہ میچ جیتنے کے لیے 208 رنز کا ہدف ملا ہے۔تیسرا دن بارش کی نذر ہونے کے بعد چوتھے دن جب کھیل شروع ہوا تو ہاشم آملہ اور نائٹ واچ مین کے طور پر آنے والے ربادا نے دوسری اننگز دوبارہ شروع کی۔

ہاشم آملہ دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے اور جنوبی افریقہ کا سکور جب 66 پر پہنچا تو وہ چار رنز بنانے کے بعد محمد شامی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ربادا بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹھہرے اور پانچ کے انفرادی سکور پر شامی کی دوسری وکٹ بنے۔جنوبی افریقہ کی مشکلات میں اس وقت اضافہ ہوا جب فاف ڈوپلیسی بغیر کوئی رن بنائے بھمرا کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ ہو گئے۔ اس وقت میزبان ٹیم کا سکور 82 رنز تھا۔

مجموعی سکور میں 10 رنز کے اضافے کے بعد جنوبی افریقہ کو چھٹا نقصان اٹھانا پڑا۔ آؤٹ ہونے والے بلے باز کوئنٹن ڈی کاک تھے جو صرف آٹھ رنز بنا پائے۔فلینڈر کو محمد شامی نے ایل بی ڈبلیو کر کے انڈیا کو ساتویں کامیابی دلوائی جبکہ کیشو مہاراج اور مورنی مورکل کو بھونیشور کمار نے وکٹوں کے پیچھے کیچ کروایا۔آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز ابراہم ڈی ویلیئرز تھے جو 35 رنز بنانے کے بعد بھمرا کی گیند پر کیچ ہوئے۔انڈیا کی جانب سے جسپریت بھمرا اور محمد شامی نے تین تین اور ہردک پانڈیا اور بھونیشور کمار نے دو، دو وکٹیں لیں۔

سیریز کے اس پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 286 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انڈین ٹیم پہلی اننگز میں 209 رنز بنا سکی تھی اور میزبان ٹیم کو 77 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔