ایران میں جاری احتجاج میں سی آئی اے کا کوئی ہاتھ نہیں : ڈائریکٹر سی آئی اے

ایران میں جاری احتجاج میں سی آئی اے کا کوئی ہاتھ نہیں : ڈائریکٹر سی آئی اے


واشنگٹن:امریکی مرکزی انٹیلی جنس ایجنسی(سی آئی اے ) کے سربراہ مائیک پومپیو نے اس امر کی تردید کی ہے کہ ایران میں جاری احتجاجی تحریک میں ان کی ایجنسی کا کوئی ہاتھ ہے۔ پومپیو کی یہ وضاحت ایرانی ذمے داران کی جانب سے عائد الزامات کے بعد سامنے آئی ہے۔


ایک انٹرویومیں مائیک پومپیو نے باور کرایا کہ ایرانی عوام نے خود سے احتجاج کا سلسلہ شروع کیا ہے، وہ جینے کے بہتر حالات کے علاوہ مذہبی نظام سے جان چھڑانا چاہتے ہیں جس کے سائے میں وہ 1979 سے زندگی گزار رہے ہیں۔پومپیو کا مزید کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ مظاہرے ختم نہیں ہوں گے"۔ سی آئی اے کے ڈائریکٹر نے جوہری معاہدے کی کمزوری کی مذمت کی۔


دوسری جانب ایران میں اصلاح پسند بلاک کی شخصیات نے حکام کی جانب سے ملک میں عوامی احتجاج کی اصل وجوہات نظرانداز کیے جانے پر نکتہ چینی کی ہے۔اصلاح پسند شخصیات کے مطابق حکام جس طریقے سے عوامی مطالبات سے نمٹ رہے ہیں وہ دراصل راہ فرار اختیار کرنا اور ایک فرضی بیرونی دشمن کو بحران کے حوالے سے ذمے دار ٹھہرانا ہے۔