نیب ابھی تک اسحاق ڈار کو واپس نہیں لا سکا، چیف جسٹس پاکستان

نیب ابھی تک اسحاق ڈار کو واپس نہیں لا سکا، چیف جسٹس پاکستان
کیپشن: جہانزیب بھروانہ نے کہا کہ برطانیہ کی حکومت کے خط کا جواب دے دیا ہے۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نیب ابھی تک اسحاق ڈار کو واپس نہیں لا سکا معلوم نہیں اسحاق ڈار کب تک وہاں بیٹھے رہیں گے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اسحاق ڈار ابھی تک واپس نہیں آئے؟۔ نیب کے وکیل جہانزیب بھروانہ نے عدلات کو بتایا کہ اسحاق ڈار کی واپسی کے ایکسٹرا ڈیشن کا عمل شروع ہے اور ان کی جائیداد ضبط کر لی گئی ہے۔

اس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ اسحاق ڈار کی جائیداد ضبط کرنے کے معاملے کو 2 ماہ گزر چکے ہیں لیکن بظاہر لگتا ہے خط و کتابت ہو رہی ہے۔

جہانزیب بھروانہ نے کہا کہ برطانیہ کی حکومت کے خط کا جواب دے دیا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اسحاق ڈار کی واپسی سے متعلق کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ کیا پی ٹی وی کیس میں اسحاق ڈار، پرویز رشید اورعطاءالحق قاسمی سے ریکوری ہوئی؟۔

پرنسپل انفارمیشن آفیسر نے جواب میں کہا کہ ریکوری کی مدت 2 ماہ ہوتی ہے اور یہ مدت ابھی تک ختم نہیں ہوئی۔

چیف جسٹس نے اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دی۔